(24 نیوز) رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری اور اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کے درمیان تلخ کلامی کی آڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
تفصیل کے مطابق رمضان بازاروں کے حوالے سے عوامی نمائندوں کی بیوروکریسی کیساتھ چپقلش کا ایک اور معاملہ منظر عام پر آ گیا ہے۔ ایم پی اے خرم لغاری اور اسسٹنٹ کمشنر جتوئی ارشد ورک کی تلخ کلامی پر مبنی ٹیلیفون کال سامنے آگئی ہے۔
خرم لغاری کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں کا وزٹ کرانے کا کہا تو آپ نے فون بند کر دیا، اس پر اسسٹنٹ کمشنر کا وضاحت پیش کی کہ بیٹری بند ہو گئی تھی، اس لئے فون بند ہو گیا، آپ جب چاہیں رمضان بازار کا وزٹ کریں، میری آپ سے کونسی لڑائی ہے۔
اس پر خرم لغاری نے طیش میں آکر کہا کہ آپ لڑائی کرنا چاہتے ہیں تو میں آ رہا ہوں، کدھر آنا ہے۔ میں تو جوان ہوں، بوڑھے آپ ہو، لوگ کہیں گے بوڑھا مار کھا کر آگیا۔
خرم اسمبلی کا کہنا تھا کہ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا ممبر ہوں، آپ پر واجب ہے کہ مجھے رمضان بازار کا دورہ کرائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر جتوئی ارشد ورک نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہ میں ہر وقت رمضان بازار میں موجود نہیں رہ سکتا، وہاں کوئی بھی دورہ کر سکتا ہے، وہاں ہمارا فوکل پرسن موجود ہوتا ہے۔
خرم لغاری نے بھی اپنے موقف میں کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر رمضان بازار کے دوروں کے دوران غائب ہو جاتے ہیں اور حتیٰ کہ دوروں کے دوران فون تک بند کر لیتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر جتوئی ارشد ورک رمضان بازاروں کے ٹھیکیداروں سے 5 فیصد کمیشن لے رہے ہیں۔
مجھے رمضان بازار کا دورہ کیوں نہیں کرایا۔۔۔رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری کی اے سی پر چڑھائی ، آڈیو وائرل
May 03, 2021 | 23:19:PM