(مانیٹرنگ ڈیسک) عراق کے شمالی شہر اربیل میں ایک آئل ریفائنری پر 6 میزائل حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں مرکزی آئل ٹینک میں آگ لگ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کردستان ریجنل گورنمنٹ کی انسداد دہشتگردی فورس کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز کار اربیل کی کار آئل ریفائنری پر 6 میزائل فائر کیے گئے جو عراق کے علاقے برطلہ سے فائر کیے گئے تھے جن میں سے ایک میزائل ریفائنری کے مرکزی ٹینک کو لگا جس سے مرکزی آئل ٹینک میں آگ بھڑک اُٹھی اور ملک کے دیگر حصوں کو تیل کی سپلائی معطل ہوگئی۔
عراقی فورسز کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کے عملے نے 3 گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا، تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، دیگر میزائل ریفائنری کے بیرونی علاقے میں گرے جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے آئل ریفائنری پر میزائل حملوں کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی فورسز میزائل حملے کے پیچھے ملوث عناصر کا پیچھا کریں گی، ان میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت سزا دی جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا ، بلوچستان میں بھی پیپلز پارٹی آئے گی، آصف زرداری