میڈیا پر پابندیاں جمہوریت کو کمزور اور معاشرے میں تقسیم و انتشار کا باعث بنتی ہیں: بلاول بھٹو

May 03, 2023 | 12:57:PM

(24 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میڈیا پر پابندیاں جمہوریت کو کمزور اور معاشرے میں تقسیم و انتشار کا سبب بنتی ہیں۔

یومِ آزادی صحافت پر پیغام جاری کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت پر دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے، پاکستان میں ہر وقت آمرانہ سوچ جمہوریت پر شبِ خون مارنے کے موقع کی تلاش میں ہے، یہ آمرانہ سوچ صحافت کی آزادی کا گلا دبانے کیلئے ہر وقت تیار رہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادی صحافت کا عالمی دن: پاکستان میں صحافیوں پر حملوں میں 60 فیصد اضافہ

ان کا مزید کہنا ہے کہ میڈیا پر پابندیاں جمہوریت کو کمزور اور معاشرے میں تقسیم و انتشار کا باعث بنتی ہیں،  بحالی و استحکامِ جمہوریت کیلئے پیپلز پارٹی اور صحافی اتحاد ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور رہے گا۔ آزادی صحافت پر عائد کالے قوانین کا خاتمہ شہید بینظیر بھٹو اور آصف زرداری نے کیا، حالانکہ پی پی پی اور  اس کی قیادت کے خلاف بدترین میڈیا ٹرائل ہوتا رہا ہے۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ میڈیا ٹرائل کے باوجود پیپلز پارٹی نے کبھی بھی آزادی صحافت کی راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالی، ہم معلومات تک رسائی کے قانون کو وسعت دینے اور من و عن عملدرآمد میں یقین رکھتے ہیں، پی پی ہمیشہ سےآزادی صحافت و میڈیا کے تحفظ کیلئے قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی اور آزادی صحافت کیلئے موضوع اور مثالی ماحول کے قیام کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کرتی رہے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام میں میڈیا لٹریسی کےفروغ کیلئے ہر ممکنہ سہولت اور مدد فراہم کریں گے۔

مزیدخبریں