(علی رامے) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے گھر جاکر سالک حسین اور شافع کی خیریت دریافت کی اور پولیس ایکشن پر معذرت بھی کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد لاہور واپس پہنچ گئے ہیں، اور واپس آتے ہی انہوں نے سب سے پہلے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے گھر پہنچ کر سالک حسین اور شافع حسین کی خیریت دریافت کی.
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے چوہدری شجاعت کے گھر پولیس ایکشن اور اس کارروائی میں شافع اور سالک حسین کے زخمی ہونے کے افسوسناک واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے سالک حسین اور شافع حسین سے افسوسناک واقعہ کے بارے میں پوچھا، اور کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر معذرت خواہ ہوں۔
نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دوران عمرہ اطلاع ملتے ہی فوری تفصیلات حاصل کیں اورانکوائری کا حکم دیا، تحقیقات میں ذمہ داران کا تعین کر کے ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پرویزالٰہی کے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر پیٹرول بم پھینکے اور پتھراؤ کیا، قانون سب کے لیے برابر ہے، کسی کو پولیس پر حملے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے رہائش گاہ آمد پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔