(24نیوز) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو باڈی نے سوڈان میں متحارب گروپوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قیام امن کی جانب بڑھنے والی کوششوں کا ساتھ دیں تاکہ عوام کو تحفظ فراہم ہوسکے۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر میں سوڈان کی صورتحال پر بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین شریک تھے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ سمیت دیگر نے سوڈان میں جاری خانہ جنگی پرتشویش کا اظہار کیا اور متحارب گروپوں سے مطالبہ کیا کہ وہ طاقت کا استعمال کو روک کر سیاسی عمل کی جانب بڑھیں اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور سوڈان میں قیام امن کو یقینی بناتے ہوئے اس کی ترقی اور خوشحالی کی جانب اقدامات کریں۔
ضرور پڑھیں :صیہونی فورسز کے غزہ پر وحشیانہ فضائی حملے
سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ تنظیم کے رکن ممالک سوڈان میں جاری کشیدگی کی وجہ سے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اس کے علاوہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جنگ بندی میں توسیع اور قیام امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے پر زور دیا ہے اور او آئی سی سعودی عرب کے مشکور ہیں جنھوں نے انسانی ہمدردی کے تحت سوڈان سے ہزاروں تارکین وطن کے انخلاء کو یقینی بنایا۔