برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب پر کتنا خرچ آئے گا؟

May 03, 2023 | 18:26:PM

(ویب ڈیسک) برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی تاج پوشی 6 مئی کو ہو گی جس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات شریک ہوں گی لیکن یہ سوال بھی اہم ہے کہ اس تقریب اور تاج پوشی کے عمل پر کتنے اخراجات ہوں گے؟

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانوی شاہی خاندان پر تحقیق کرنے والے ماہرین کے مطابق شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی پر تقریباً دس کروڑ برطانوی پاؤنڈز اخراجات ہوں گے۔ پاکستانی کرنسی کے حساب سے یہ رقم 35 سو کروڑ روپے سے کچھ زائد کی بنتی ہے۔ان اخراجات میں ونڈسر محل میں ہونے والا کنسرٹ، ویسٹ منسٹر ایبے میں ہونے والی عوامی ریلی شامل ہیں۔

ان اخراجات کی تفصیل سامنے آنے کے بعد اس تقریب کے بارے میں عوامی رائے تقسیم ہو گئی ہے اور کئی شہری برطانوی معاشی حالات کے باعث اس تقریب پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔تاج پوشی کی تقریب کے دوران چارلس اپنے دادا جارج ششم کا دستانہ ’ریگالیہ‘ بھی پہنیں گے جو انہوں نے اپنی تاج پوشی کے دوران پہنا تھا۔

دوسری جانب سکاٹ لینڈ سے تاریخی ’سکون‘ پتھر بھی لندن کے لیے روانہ ہو چکا ہے۔ کئی برطانوی بادشاہوں کی تاج پوشی میں اس تاریخی پتھر کو استعمال کیا جا چکا ہے۔یہ پتھر ’تقدیر کے پتھر‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور اسے سکاٹ لینڈ کے شاہی خاندان میں ایک مقدس پتھر مانا جاتا ہے۔

بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کے لیے اس پتھر کو گذشتہ 25 سال میں پہلی بار ایڈن برگ کے قلعے سے باہر لایا گیا ہے۔ اس پتھر کے حوالے سے یہ بھی مانا جاتا ہے کہ اسے نویں صدی سے سکاٹ لینڈ کے بادشاہوں کی تاج پوشی میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

  برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی سے پہلے ہی لندن سیاحوں سے بھر گیا، تاج پوشی کی تقریب کی وجہ سے ویک اینڈ پر سینٹرل لندن کی متعدد سڑکیں بند ہوں گی ۔رپورٹس کے مطابق ہفتے کی صبح 6 بجے سے پارلیمنٹ اسکوائر،وائٹ ہال اور مال کا علاقہ عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔

 بادشاہ چارلس صبح 11 بجے بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹرایبی روانہ ہوں گے ، تاج پوشی کے بعد بکنگھم پیلس کی بالکونی پر کھڑے ہونے پر بادشاہ چارلس کو طیارے فلائی پاسٹ پیش کریں گے ۔رپورٹس کے مطابق تاج پوشی کی تقریب میں 2 ہزار افراد کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔

 واضح رہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد بادشاہ چارلس سوم برطانیہ کے بادشاہ بنے ہیں۔

مزیدخبریں