(24 نیوز ) پہلے جزوی سورج گرہن کے بعد اب جزوی چاند گرہن بھی لگنے کو ہے ، جو کہ پاکستان سمیت دنیا کےمتعدد ممالک میں دیکھا جا سکے گا۔
تفصیلات کےمطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5 مئی کو اس سال کا پہلا جزوی چاند گرہن لگے گا، اس دوران زمین کے مرکزی سائے کے باہر کا حصہ چاند پر پڑے گا، جس کی وجہ سے چاند کی چمک ماند پڑ جائے گی،سال کے پہلے گرہن کے دوران زمین کی بہت کم سایہ چاند پر نظر آئے گا، اس طرح کے چاند گرہن کے لیے Penumbral Lunar Eclipse کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
اس گرہن پر زمین کا سایہ چاند کے صرف 58 فیصد حصے کو ہی کورکرے گا، چاند گرہن پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 5 مئی یعنی جمعے کو رات 8 بجکر 14 منٹ پر شروع ہوگا اور رات کے 10 بجکر 22 منٹ پر عروج کو پہنچے گا،چاند گرہن کا اختتام بروز ہفتہ 6 مئی رات 12 بجکر 31 منٹ پر ہوگا، مجموعی طور پر چاند گرہن کا دورانیہ 4 گھنٹے اور 17 منٹ ہوگا۔
چاندگرہن پاکستان کے ساتھ ساتھ یورپ، ایران، عراق، متحدہ عرب امارات، روس اور چین سمیت متعدد ایشائی ممالک میں دیکھاجاسکےگا۔