کم بلڈ پریشر والے لوگ ورزش کرتے وقت ان ہدایات پر عمل کریں

May 03, 2024 | 11:43:AM

(24 نیوز)ورزش کرنا صحت کیلئے اچھا ہے مگر کم بلڈ پریشر کسی بھی فرد کے لیے ورزش کے عمل کو مشکل بنا سکتا ہے تاہم چند مشوروں پر عمل کر کے اس مسئلے سے نمٹا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے ماہرین نےکچھ ہدایات بتائی ہیں جن کی مدد سے کم بلڈ پریشر کے عارضے کے شکار افراد اپنی بہتر انداز میں ورزش کر سکتے ہیں۔ہدایات درج ذیل ہیں ۔
1.پیدل چلنے یا جسم کو ہلکے پھلکے انداز میں سٹریچ کرنے سے دل کی دھڑکن آہستہ آہستہ تیز ہوتی ہے۔ آہستہ آہستہ ورزش کرنے سے یکدم سے بلڈ پریشر کم نہیں ہوتا۔
2.ورزش کرنے سے پہلے، درمیان میں اور بعد میں خوب پانی پیئں تاکہ آپ کا بلڈ پریشر باقاعدہ رہے۔ پانی کی مقدار پوری رہنے کی وجہ سے خون میں کمی نہیں ہوتی اور جسمانی سرگرمی کے دوران دل کی صحت ٹھیک رہتی ہے۔
3.ورزش کرنے کے لیے موزوں یعنی کمپریشن گارمنٹس پہنیں تاکہ آپ کی ٹانگوں میں خون کا بہاؤ اچھی طرح جاری رہے۔ کمپریشن گارمنٹس سے خون کی گردش بہتر رہتی ہے جس سے بلڈ پریشر باقاعدہ رہتا ہے اور کھڑے ہوتے وقت بلڈ پریشر میں یکدم کمی نہیں آتی۔
4.ورزش کے دوران ایسی مشقیں بھی کریں جن سے مسل یعنی پٹھے اور جسامت مضبوط ہوں۔ سٹرینتھ ٹریننگ سے دل مضبوط ہوتا ہے اور خون کی گردش بہتر ہوتی ہے جس کی وجہ سے بلڈ پریشر بہتر رہتا ہے۔
5.ورزش کے دوران باڈی پوسچر پر خاص توجہ دیں اور جب ایک پوزیشن سے دوسری پوزیشن پر جائیں تو تحمل کا مظاہرہ کریں۔ زیادہ دیر کھڑے ہونے سے اجتناب کریں تاکہ بلڈ پریشر میں یکدم کمی نہ ہو۔

6.جب آپ کوئی ایسی ورزش کریں جس میں آپ کو اپنا وزن ڈالنا پڑے یا زیادہ دیر کے لیے کھڑا ہونا پڑے تو اس کے لیے سٹیبلٹی بال، کرسی یا ہینڈ ریلز کا سہارا لیں تاکہ آپ کا توازن برقرار رہے اور آپ گرنے سے محفوظ رہیں۔ ایسا کرنے سے گرنے کا خطرہ کم ہوتا ہے اور چوٹ نہیں لگتی۔
7.جب آپ ورزش کریں تو اس بات پر توجہ دیں کہ دوران ورزش آپ کیا محسوس کرتے ہیں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ آپ میں تھک جانے، سر چکرانے اور آنکھوں کے آگے اندھیرا آنے جیسی علامات تو نہیں ہیں۔ اگر دوران ورزش ایسا کچھ بھی محسوس ہو تو فوری طور پر ورزش روک دیں۔
8.ایسی ورزش کا انتخاب کریں جو ہلکی پھلکی ہو جیسا کہ تیراکی، سائیکلنگ یا ٹریڈ مِل پر واک وغیرہ۔ ایسی ورزشوں سے جسم پر غیر ضروری دباؤ نہیں پڑتا اور کم بلڈ پریشر والے مریض آسانی سے ورزش کر لیتے ہیں۔
9.جب آپ باقاعدگی سے ورزش کرنا شروع ہو جائیں اور آپ کا جسم ورزش کا عادی بن جائے تو ورزش میں آہستہ آہستہ تیزی لائیں۔ اپنے جسم کو آہستہ آہستہ سخت ورزش کا عادی بنائیں۔

مزیدخبریں