(عظمت اعوان)لاہور کے ایوی سینا کالج انتظامیہ کیخلاف طلباء و طالبات کا احتجاج کام کر گیا،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نوٹس لے کر 3 دن میں رپورٹ طلب کر لی۔
کالج کےطلبا کا تین روزقبل احتجاج پروزیرصحت نےنوٹس لیتے ہوئے فیکٹ کمیٹی تشکیل دیدی ہے،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزمیڈیکل کالج میں طلبا کی شکایات کی تحقیقات کرے گی، وزیرصحت پنجاب نےکہا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی واقعے کی تحقیقات کرکےحقائق سامنے لائےگی۔
غیر ضروری جرمانے کی آڑ میں سالانہ 4 سے 5 لاکھ وصول کئے جاتے ہیں
میڈیکل کے طلبا کا کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ کی جانب سے غیر ضروری جرمانے کی آڑ میں سالانہ 4 سے 5 لاکھ وصول کئے جاتے ہیں،اگر پیسے جمع نہ کرائیں تو رول نمبر سلپس نہیں دی جاتیں جس کی وجہ سے قیمتی سال ضائع ہو جاتا ہے،طلبا کی جانب سے الزام عائدکیا گیا ہے کہ کالج کی طرف سےبھاری جرمانے،پیسےکمانے کے لیے پروگرامز میں داخلوں پرمجبور کیا جاتا،اساتذہ نے قیدیویں جیسا ماحول بنایا ہوا ہے ۔
کالج کی پنک لسٹ پالیسی سےطلباء و طالبات مایوسی کا شکار
کالج کی پنک لسٹ پالیسی نے طلباء و طالبات کو پریشان کر دیا، طلبا کی جانب سے انکشاف کیا گیا کہ بعض اوقات جرمانے وصول کرنے کیلئے ہمیں سزا کے طور پر زمین پر 2 یا 3 گھنٹے بیٹھنے پر مجبور کیا جاتا ہے،معمولی معمولی باتوں پر 5 ہزار روپے جرمانے سے ذہنی تناؤ کا شکار ہو چکے ہیں۔
ایوی سینا کالج میں کچھ روز قبل ایک لڑکی کی موت پر طلباء و طالبات کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔
طلبا وطالبات کے احتجاج کے بعد کالج انتظامیہ نے غیر ضروری جرمانوں کو ختم کر دیا ہے۔
شدید بیماری کی حالت میں پرنسپل نے چھٹی نہیں دی
طلباء کی جانب سے کہا گیا تھا کہ طالبہ کو شدید بیماری کی حالت میں پرنسپل نے چھٹی نہیں دی اور جب چھٹی لینے گئی تو سخت الفاظ استعمال کئے گئے،کالج میں غیر ضروری جرمانے کی بھی شکایت لگائی گئی۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس تمام معاملات کی چھان بین کرکے جامع رپورٹ 3 دن میں وزیر صحت کو جمع کروائیں گے۔