(24نیوز) صدر پاکستان آصف زرداری نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 195 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دی، صدر پاکستان نے وزارت قانون و انصاف کی تجاویز کی منظوری وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر دی جبکہ صدر مملکت نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹانے کا 11 اکتوبر 2018 کے لاء اینڈ جسٹس ڈویژن کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی بھی منظوری دی۔
صدر آصف زرداری نے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی منظوری سپریم کورٹ کے رواں سال 22 مارچ کے فیصلے کی روشنی میں دی ہے ، ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن کا اطلاق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کی عمر پوری ہونے کی تاریخ 30جون 2021 سے ہوگا۔
یاد رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارشات پر، آئین کے آرٹیکل 209(6) کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اسحاق ڈار کی نائب وزیراعظم تعیناتی کیخلاف درخواست پر دلائل طلب