(مانیٹرنگ ڈیسک)افریقی ملک مصر میں سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک بھیانک جرم کی وڈیو نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وڈیو میں سڑک کے بیچ ایک نوجوان کو دیکھا جا سکتا ہے جس نے اپنے ساتھی پر تیز دھار آلے (بُغدے) سے پے درپے وار کئے اور پھر اس کا سر کاٹ کر سڑک پر ہاتھ میں لئے گھومنے پھرنے لگا۔ موقع پر موجود راہگیر اس خونی منظر کو دیکھ کر چیختے چلاتے ہوئے قاتل کو بددعائیں دیتے دکھائی دیئے۔
العریبہ کی ویب رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مصر کے شہر اسماعیلیہ میں پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی ادارے کے اہل کار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ مجرم کو اسی مقام سے گرفتار کر لیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ کارروائی قاتل کی جانب سے انتقام لینےکی خاطر کی گئی۔ رپورٹ کےمطابق اس بھیانک قتل کی وجہ مقتول کا قاتل کی والدہ کے ساتھ ناجائز تعلق تھا۔ سیکورٹی ادارے اس کارروائی کی اصل وجہ جاننے کے لئے سرگرم ہیں۔ قاتل کا نام محمد الصادق بتایا گیا ہے اور اس کی عمر 42 برس ہے اور وہ اسماعیلیہ شہر کا ہی رہائشی ہے۔ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق قاتل نفسیاتی بیمار ہے اور ماضی میں وہ منشیات کے علاج کے ایک مرکز میں داخل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اہم حکومتی اعلان۔۔۔ کورونا کے پھیلنے کا خدشہ ۔۔خوراک ذخیرہ کرلیں