(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف چین کا دورہ مکمل کر کے واپس پاکستان پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یکم سے 2 نومبر تک عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری دورہ کیا،یہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا چین کا پہلا دوطرفہ دورہ تھا۔ دورہ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے سٹیٹ کونسل کے وزیراعظم لی کی کیانگ کے ساتھ بات چیت کی اور نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین لی ژان شو سے ملاقات کی،وزیراعظم نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر دوبارہ انتخاب پر صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی اور ان کی قیادت، دانشمندی، وژن اور عوام کیلئے ترقی کے فلسفے اور پاکستان اور چین کے تعلقات مسلسل مضبوط بنانے کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے دورہ کیلئے صدر شی کا خیرمقدم کیا۔