(ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان اور جنوبی افریقا آج ڈو اینڈ ڈائی میچ میں ٹکرائیں گے۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ایک بجے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا، میچ میں پاکستان کی فتح اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے امکانات روشن رکھے گی اور شکست اسے ٹورنامنٹ سے باہر کردے گی جب کہ جنوبی افریقہ سیمی فائنل میچ میں پہنچ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: فخر زمان کی جگہ محمد حارث پاکستان اسکواڈ میں شامل
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان جنوبی افریقا کیخلاف ناقابل شکست ہونے کا اعزاز رکھتا ہے اور اگلے مرحلے تک جانے کے لیے اس کو اپنا یہ اعزاز برقرار رکھنا ہوگا۔
اس اہم میچ سے قبل پاکستان کو بڑا دھچکا پہنچا ہے اور قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان کی گھٹنے کی پرانی انجری دوبارہ لوٹ آنے کے باعث وہ نہ صرف اس میچ بلکہ ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم انتظامیہ کہ درخواست پر آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔