(ویب ڈیسک )بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان 57 برس کے ہوگئے، ان کی سالگرہ پر فلم ساز کرن جوہر نے بھی سوشل میڈیا اکائونٹ پر جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئےان سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق کرن جوہر نے سوشل میڈیاپلیٹ فارم انسٹاگرام پر شاہ رخ خان کے ساتھ گزارے مختلف ادوار کی اپنی تصاویر پر مبنی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی۔اس ویڈیو پیغام میں کرن جوہرنے شاہ رخ خان کو اپنا سب سے بڑا نقاد بھی قرار دیا۔ کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بننے والی پہلی فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں شاہ رخ خان نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔ اس کے علاوہ دونوں نے جن پروجیکٹس میں ایک ساتھ کام کیا ان میں ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’مائی نیم از خان‘ اور ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ بھی شامل ہیں۔ کرن جوہر نے اپنے پیغام میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کرن ارجن سے لے کر اپنی دیگر فلموں کے سیٹ پر ہونے والی ملاقاتوں اور ان تجربات کے بارے میں تحریر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ’’ 29 سال قبل جب ان کی پہلی ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت شاہ رخ خان جس طرح ان کی باتوں کو توجہ سے سنتے تھے وہ آج بھی اتنی ہی توجہ سے سنتے ہیں۔ انہوں نے تحریر کیا کہ شاہ رخ خان ان کی انسپریشن ہیں اور ساتھ میں سپر اسٹار اداکار ان کے کام کے نقاد بھی ہیں‘‘۔
کرن جوہر کے مطابق شاہ رخ خان کو اُس وقت بھی انہوں نے بھائی کہہ کر پکارا تھا اور آج بھی بھائی کہہ کر پکارتے ہیں