(ویب ڈیسک )آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے تارونگا چڑیا گھر میں 5 شیر بدھ کی علی الصبح اپنے انکلوژر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جس کے بعد انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا۔
بین القوامی میڈیا کے مطابق سڈنی کے چڑیا گھر سے شیروں کے فرار کے بعد انتظامیہ ’کوڈ ون‘ الرٹ جاری کرنے پر مجبور ہوگئی اور رات بھر کیلئے یہاں قیام کرنے کیلئے آئے ہوئے مہمانوں (کیمپرز) کو ان کی حفاظت کے پیش نظر وہاں سے جانا پڑا۔سڈنی چڑیا گھر میں الرٹ اس وقت جاری کیا گیا جب ایک ویڈیو فوٹیج میں ایٹو نامی نر شیر اپنے 4 بچوں کے ہمراہ انکلوژر سے باہر نظر آیا، حالانکہ وہ تب بھی اس علاقے میں تھے جو ایک 6 فٹ کی باڑ کی مدد سے باقی چڑیا گھر سے الگ ہے۔
رپورٹ کے مطابق چڑیا گھر کے رکھوالے شیر کے ایک بچے کو بے ہوش کرکے واپس لائے جبکہ باقی 4 خود ہی واپس اپنے انکلوژر میں چلے گئے۔مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے کے تقریباً 2 گھنٹے بعد صبح 9 بجے تک شیروں کے انکلوژر میں واپس آنے کی تصدیق ہوگئی تھی۔تارونگا چڑیا گھر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سائمن ڈفی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ واقعے میں کسی بھی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوا، وہاں موجود تمام افراد اور جانوروں محفوظ ہیں اور چڑیا گھر معمول کے مطابق کھلا ہے۔