(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے گوجرانولہ، اللہ والا چوک میں عمران خان پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی جبکہ وزیر داخلہ کو آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی پریس کانفرنس ملتوی کر دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے واقعے کی شدید مذمت اور اس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔رانا ثنا اللہ نے وفاقی سیکیورٹی ایجنسیز سے بھی فائرنگ واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے گوجرانولہ میں فائرنگ کے واقعے پر دورہ چین سے متعلق آج ہونے والی اپنی پریس کانفرنس موخر کر دی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا پنجاب حکومت، پنجاب پولیس، پنجاب انتظامیہ، پنجاب اینٹیلی جنس، سب کے ہوتے ہوئے عمران خان کیٹینر پر فائرنگ انتہائی قابل مذمت اور شرمناک واقعہ ہے۔وفاقی وزیراحسن اقبال نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عمران نیازی محفوظ ہیں۔ سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔
احسن اقبال نے کہا میں عمران نیازی کے کنٹینر پہ وزیر آباد میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ حکومت پنجاب کو سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا چاہیے۔ یاد رہے کہ نامعلوم شخص کنٹینر کے نیچے تھا جس نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔ فائرنگ سے 9 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت معظم گوندل کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بھروکی چیمہ سے تھا۔واضح رہے کہ وزیر آباد میں اولڈ کچہری چوک پر لانگ مارچ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔