(24 نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل مس کرسٹن ہاکنز نے ملاقات کی جس میں انسداد سموگ کیلئے اشتراک کار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں اشتراک کار حوالے سے مشاورت ہوئی، اس دوران سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع، زراعت، سیاحت، تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے معاملات بھی زیر غور آئے،نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹس قرار دینے کے معاہدے کے تحت دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، پنجاب میں تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے امریکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کیلئے دوست ملکوں کی تکنیکی معاونت چاہتے ہیں، ہمسایہ ملک میں فصلوں کی باقیات کو بڑے پیمانے پر جلانے کے سبب لاہور اور دیگر شہروں میں سموگ میں بہت اضافہ ہوا ہے، پنجاب میں سموگ کو آفت قرار دے کر سموگ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے،محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ تمام سکولوں میں طلبا و طالبات کی صحت کے لئے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے، جو کچھ انسانی بس میں ہے سموگ میں کمی کے لئے ہر وہ اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔
امریکی قونصل جنرل مس کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
صوبائی وزیراطلاعات وثقافت عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔