(حسن علی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کو روکنا ہوگا اور امریکی امداد اسرائیل کو قتل عام کا لائسنس دینے کے مترادف ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان حکمران غزہ میں سفاکیت پر اسرائیل کیخلاف اجتماعی جہاد کا اعلان کریں کیونکہ امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل کیلئے مزید 14.5 ارب ڈالر کی امداد منظور کرلی ہے۔
پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان باشندوں کے حوالے سے سراج الحق نے کہا کہ پاک افغان حکومتیں افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے مشترکہ کمیشن تشکیل دیں اور افغان پناہ گزینوں کی باعزت واپسی کیلئے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے: انتخابات کی تاریخ سامنے آنے پر شہباز شریف کا بڑا اعلان
آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو قومی انتخابات کرانے کے شیڈول کا خیرمقدم کرتے ہیں، پارلیمنٹ، سپریم کورٹ آیندہ کیلئے آئینی مدت میں الیکشن کرانے کی واضح ڈائریکشن دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک ماضی کی غلطیوں کو دہرانے اور آئینی بحران پیدا کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، جماعت اسلامی الیکشن کمیشن کو مالی و انتظامی لحاظ سے خود مختار دیکھنا چاہتی ہے، انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی ہر صورت میں پابندی ہونی چاہیئے۔