ٹرمپ کی ریلی کے دوران فلسطین کی آزادی کیلئے نعرے لگ گئے

وقت آگیا اسرائیل اور لبنان کے تنازعے کو ختم کیا جائے، ریپبلکن صدارتی امیدوارکاریلی سے خطاب

Nov 03, 2024 | 09:29:AM

(ویب ڈیسک)امریکہ میں ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران فلسطین کی آزادی کیلئے نعرے لگ گئے۔

امریکی انتخابات میں چند روز رہ گئے ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں ہی امیدوار فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلیے زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو اپنی جانب مائل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ انتخابی مہم کی گہما گہمی عروج پرہے۔

امریکی ریاست مشی گن کے عرب اکثریتی شہر ڈیربورن میں ڈیموکریٹس کی مشرق وسطیٰ پالیسی پر ناراضگی کے باعث ووٹرز کی رائے منقسم ہے،اس لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران بھی سڑکوں پر جمع ہجوم میں یو ایس اے اور فلسطین کی آزادی کے نعرے سنائی دیتے رہے۔

 امریکی میڈیا کے مطابق مقامی ووٹرز کا کہنا ہے کہ مشی گن کے میدان میں مسلمان ووٹرز ہار اور جیت کا فرق پیدا کرسکتے ہیں، رپورٹس کے مطابق غزہ جنگ پر بائیڈن انتظامیہ کے مؤقف سے ناراض عرب ووٹرز کے علاقوں میں کملا ہیرس کو روایتی ڈیموکریٹ ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ عرب نژاد امریکیوں کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ 

امریکی صدارتی امیدوارڈونلڈ ٹرمپ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے اسرائیل اور لبنان کے تنازعے کو ختم کیا جائے۔ 

مزیدخبریں