جہاں اختیار ہوگا وہاں احتساب بھی ہوگا۔شریفوں نے ملک کو کنگال کردیا۔فرخ حبیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شریفوں نے صرف اپنے اثاثے بنائے ، ملک کو کنگال اور مقروض کردیا ،اثاثوں اور دولت آنے کا سورس پوچھا جائے تو جواب دینے کی بجائے گالم گلوچ اور دھمکیوں پر اتر آتے ہیں ،نواز شریف اور شہباز شریف کو این آر او نہیں ملے گا،جہاں اختیار ہوگا وہاں احتساب بھی ہوگا،عمران خان شریفوں و زرداریوں کے برعکس کروڑوں روپے کے سرکاری خرچ سے کوئی کیمپ آفس نہیں بنایا، دن رات عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کررہے ہیں،کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اتوار کوعثمان گارڈن احمد آباد فیصل آباد میں یوٹیلیٹی سٹورکے افتتاح کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا علاقہ دوسرے علاقوں کی نسبت پسماندہ ہے اور یہاں محدود وسائل والے لوگ رہتے ہیں لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ یہاں کے لوگوں کو تمام ممکن ریلیف دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یہاں نئے یوٹیلیٹی سٹور کا قیام اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ قبل ازیں بینک بڑی بڑی پارٹیوں، ملوں، فیکٹریوں اور صنعتکاروں و کاروباری افراد کو ہی قرضے دیتے تھے تاہم وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار بینکوں کو آمادہ کیا ہے کہ وہ عام افراد اور بے وسائل جوانوں کو بھی قرضے فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مسائل کا بخوبی علم ہے اسی لئے تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ ز کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور انشاللہ رواں سال دسمبر کے آخر تک پنجاب کے ہر گھرانے کو صحت سہولت کارڈ فراہم کردیا جا ئے گا جس سے وہ سالانہ10 لاکھ روپے تک اپنا اور اپنے اہلخانہ کا پسند کے ڈاکٹر سے پسند کے ہسپتال میں علاج کرواسکیں گے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ یہی ریاست مدینہ کا وہ تصور ہے جس کی بات وزیراعظم عمران خان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ذاتی مفادات کیلئے کمیشن کے چکروں میں بجلی کے مہنگے کارخانے لگوائے مگر ٹرانسمشن سسٹم میں بہتری کیلئے کوئی کام نہ کیا اس طرح اب ہم بجلی استعمال کریں یا نہ کریں ہم نے ہر سال 1500 ارب روپیہ ادا کرنا ہے لیکن اس کے برعکس وزیراعظم عمران خان نے عوام کا احساس کرتے ہوئے سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے شمسی توانائی اور ہائیڈل بجلی کے منصوبے شروع کئے جبکہ اس سلسلہ میں 10 ڈیم بنائے جارہے ہیں جن کی تکمیل سے جہاں 10 ہزار میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہوگی وہیں ایک کروڑ 30 لاکھ ایکڑ رقبہ کو سیراب کرنے کیلئے پانی بھی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے کیونکہ ہمارے ملک میں بہت بڑی تعداد میں ایسے نوجوان موجود ہیں جن کے پاس ہنر، صلاحیت اور اچھوتے کاروباری آئیڈیاز تو تھے مگر سرمایہ نہیں تھا لہٰذا حکومت نے انہیں قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کرکے ملازمتوں کیلئے دھکے کھانے کی بجائے خود دوسروں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے قابل ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کیلئے سادہ زندگی گزاررہے ہیں اور انہوں نے شریفوں و زرداریوں کے برعکس کروڑوں روپے کے سرکاری خرچ سے کوئی کیمپ آفس نہیں بنایااور وہ دن رات عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بیرونی دوروں میں پاکستان کے وقار اور برابری کی بات کی ہے وہ پرچیوں کو دیکھ کر اور سر جھکا کرڈرڈرکر بات کرنے کی بجائے سر اٹھا کر اور آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں۔مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے پروڈکشن میں کمی کے باعث دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے مگر پھر بھی ہم نے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار پٹرول پر 17 فیصد جی ایس ٹی لے رہے تھے جسے ہم نے 5 فیصد کردیا اسی طرح پٹرولیم لیوی میں بھی کمی کی تاکہ عوام پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔فرخ حبیب نے کہا کہ ان کے حلقہ میں 42 یونین کونسلز ہیں اور ان تمام یو سیز میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں جس کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی تعمیر، ڈسپنسریز کی مرمت و توسیع، پارکس کے قیام اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 70 سال کے مسائل پر قابو پانے کیلئے حکومت دن رات کام کررہی ہے تاہم اس میں کچھ وقت لگے گااور حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے جن منصوبوں کا آغاز کیا ہے ان کے مستقبل میں شاندار نتائج حاصل ہوں گے اور شہری ان کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔اس موقع پر انہوں نے اپنے دست مبارک سے یوٹیلیٹی سٹور کا افتتاح کیا اور وہاں دستیاب اشیا کا جائزہ لیا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر اہلیان علاقہ اور معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
یہ بھی پڑھیں۔شادی سے متعلق سوال پر سلمان خان نے مداحوں پر بجلیاں گرا دیں