(ویب ڈیسک ) کہا جاتا ہے کہ روزانہ 10ہزار قدم سست روی کے ساتھ چلنا بھی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے تاہم اب ماہرین نے نئی تحقیق میں اس کے برعکس بات کہہ دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انڈیا ٹائمز کے مطابق امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے جریدے JAMAمیں شائع ہونے والی اس تحقیقاتی رپورٹ میں یونیورسٹی آف سڈنی کے چارلس پرکنز سنٹر کے ماہرین نے بتایا ہے کہ صحت کے حوالے سے یہ بات اہم نہیں ہے کہ آپ روزانہ کتنے قدم چلتے ہو، بلکہ یہ بات اہم ہے کہ آپ کتنی رفتار سے چلتے ہو۔
لگ بھگ 80ہزار لوگوں کے طبی ڈیٹا اور واک کرنے کے معمول کا تجزیہ کرنے کے بعد مرتب کیے گئے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ تھوڑے وقت کے لیے تیز قدم چلنا یا جاگنگ کرنا سست روی سے 10ہزار قدم چلنے سے کئی گنا زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ روزانہ سست روی سے 10ہزار قدم چلنے سے بھی بہت سے فوائد حاصل ہوتے ہیں اور آدمی دل اور دوران خون کی بیماریوںاور ڈیمینشا جیسے عارضوں سے محفوظ رہتا ہے تاہم تیز قدم چلنے سے یہ فوائد مزید بڑھ جاتے ہیں۔
جو لوگ تیز قدمی سے صرف3800قدم روزانہ چلتے ہیں ان کو ڈیمنشا ہونے کا خطرہ 25فیصد اور دل کی بیماریاں اور کینسر لاحق ہونے کا خطرہ 11فیصد کم ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ روزانہ 30منٹ کے لیے تیز قدموں سے چلنا سست روی سے روزانہ 10ہزار قدم چلنے کے برابر فائدہ مند ہوتا ہے۔