صحافی شہباز بھٹی کی کہانی پر مبنی فلم ’’گنجل‘‘ کا ٹریلر جاری

Oct 03, 2023 | 12:51:PM

(ویب ڈیسک) سچے واقعات پر مبنی نئی فلم ’گنجل‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں کرائم، تھرلر، سازش کو بھی دکھائی گئی ہے۔

فلم صحافی شہباز بھٹی کی کہانی اور سچے واقعات پر مبنی ہے جس کی ہدایت کاری شعیب سلطان نے جبکہ نگہت اکبر شاہ نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی جانب سے گنجل کا ٹریلر جاری کیا گیا اور کیپش میں لکھا کہ گنجل کی کہانی صحافی شہباز بھٹی کی سچی کہانی پر مبنی ہے، صحافی کا کردار اداکار احمد علی اکبر نے نبھایا ہے۔

شہباز بھٹی نے چائلڈ ایکٹیوسٹ عرفان مسیح کے قتل کے پیچھے سچائی سے پردہ اٹھانے کے لیے آواز بلند کی تھی، عرفان مسیح ایک بہادر نوجوان تھا جس نے 1990 کی دہائی کے دوران پاکستان میں چائلڈ لیبر کے خلاف آواز اٹھائی تھی اور اس دوران انہیں نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا۔

فلم میں چھپے ہوئے رازوں، عرفان بھٹی کے قتل کے پیچھے پیچیدہ پہلوؤں اور حقائق سے پردہ اٹھانے کے لیے بنائی گئی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں احمد علی اکبر کے علاوہ ریشم، آمنہ الیاس، احمد علی بٹ، سید محمد علی، سرمد آفتاب، رضیہ ملک، سردار نبیل، علی آفتاب سعید، ارحم خان، ابتسام مصطفیٰ، حبیبہ سفیان، احسن مراد، منیر خان اور عثمان شامل ہیں۔ گنجل صرف کرائم تھرلر نہیں ہے، بلکہ معاشرے کی کڑوی سچائی اور انصاف کے حصول پر بھی مبنی ہے جہاں چائلڈ لیبر اور سماجی ناانصافیوں جیسے سنگین مسائل پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ یہ فلم 8 دسمبر 2023 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی ۔

مزیدخبریں