کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان کو دوسرے وارم میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست

Oct 03, 2023 | 13:21:PM

(24 نیوز) بھارت میں ہونے والے کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل دوسرے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے دی ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 351 رنز بنائے، جواب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم 47.4 اوورز میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اور یوں میچ 14 رنز سے آسٹریلیا کے نام رہا۔

حیدرآباد دکن کے راجیوگاندھی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقرر 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز اسکور بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 83 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد وارنز 48 رنز بناکر  آؤٹ ہو گئے، آسٹریلین بیٹرز میں گلین میکسویل 77، مارنس لبوشین 40 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے اسامہ میر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد نواز، حارث رؤف، محمد وسیم، شاداب خان نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی، جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 59 بالز پر 90 رنز اسکور کیے، اس کے علاوہ افتخار احمد نے 85 بالز پر 83 رنز بنائے، جبکہ محمد نواز نے 42 بالز پر نصف سینچری اسکور کی۔

اس کے علاوہ فخر زمان 22، حسن علی اور امام الحق 16،16 رنز بنا سکے۔

واضح رہے کہ آج کے وارم اپ میچ میں قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان نے کی۔ جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیا گیا۔ اس سے قبل پہلے وارم اپ میچ میں بھی نیوزی لینڈی نے پاکستان کو شکست دے دی تھی۔

مزیدخبریں