ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والا بولر کون؟ جانیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ورلڈکپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا کا پہلا نمبرہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہونے جا رہا ہے جو 19 نومبر تک بھرپور رعنائیوں کے ساتھ جاری رہے گا۔ رواں سال بھارت میں ہونے والا میگا ایونٹ ورلڈکپ کا 13 واں ایڈیشن ہوگا، اس سے قبل گزشتہ ایونٹس میں کھلاڑیوں کی جانب سے کئی شاندار پرفارمنسز سامنے آئیں، کئی سنگ میل بھی عبور ہوئے اور اور بے شمار ریکارڈز بھی قائم ہوئے۔ ورلڈکپ میں بیٹرز سب سے زیادہ رنز اور بولرز سب سے زیادہ وکٹیں لینے کی خواہش رکھتے ہیں اور رواں ایونٹ میں بھی کھلاڑیوں کی نظر اپنے اہداف پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیم میں کس کی کمی ہے؟ ورلڈ کپ میں کونسے کھلاڑی اہم ہونگے؟ بوم بوم آفریدی نے بتا دیا
ورلڈکپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا کا پہلا نمبر ہے، انہوں نے مجموعی طور پر 39 میچز میں 18.19 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر سابق سری لنکن سپن لیجنڈ متھیا مرلی دھرن کا ہے، جنہوں نے 39میچز میں 19.63 کی اوسط سے 68 شکار کیے۔
ورلڈکپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں تیسرا نمبر سری لنکا کے ہی سابق فاسٹ بولر لاستھ ملنگا کا ہے، جنہوں نے 28 میچز میں 56 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فہرست میں چوتھا نمبر پاکستان کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا ہے، جنہوں نے 36 میچز میں 55 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آسٹریلیا کے مچل سٹارک اس مقابلے میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ سٹارک نے 18ورلڈکپ میچز میں 49 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت ٹاکرا، حسن علی کے سسر کا بڑا بیان آ گیا
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دنیائے کرکٹ کے معروف جریدے وزڈن نے ایک روز بعد بھارت میں شرع ہونے والے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متوقع بولرز کی فہرست جاری کی تھی جس میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔ معروف جریدے کی ممکنہ بولرز کی فہرست میں بھارتی سپنر کلدیپ یادیو، بھارت کے جسپریت بمراہ اور محمد سراج، پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور آسٹریلیا کے مچل سٹارک شامل ہیں۔