(ویب ڈیسک) گولی چلنے سے زخمی ہونے والے بھارتی اداکار گووندا کی اہلیہ کا واقعے کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا۔
سنیتا آہوجا بدھ کی صبح اپنے شوہر سے ملنے ممبئی کے کیئرٹیکر ہسپتال پہنچیں جس کی ویڈیو ایک فوٹوگرافر نے شیئر کی ہے،ویڈیو کے مطابق سنیتا آہوجا کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کی طبیعت اب بہتر ہے، کل یا پرسوں انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا، سب کی دعاؤں سے وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔
سنیتا نے کہا کہ میں فینز کو بتانا چاہتی ہوں کہ گھبرائیں نہیں وہ بالکل ٹھیک ہیں اور چند مہینوں بعد دوبارہ ڈانس کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔
بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق 60 سالہ اداکار اپنی ہی غلطی سے چلی گولی سے زخمی ہوگئے تھے،یہ واقعہ منگل کی صبح تقریباً 4 بجکر 45 منٹ پر بجے پیش آیاتھا جب گووندا اپنی لائسنس یافتہ ریوالور کو الماری میں رکھتے ہوئے حادثاتی طور پر گولی چلا بیٹھے تھے، وہ اُس وقت کولکتہ جانے کی تیاری کر رہے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گووندا شیو سینا کے رہنما بھی ہیں، وہ واقعے کے وقت ممبئی کے علاقے جوہو میں اپنے گھر میں اکیلے تھے جبکہ ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کولکتہ میں تھیں۔