وزیراعظم سے ملائیشین ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان انتہائی خوشگوار ماحول میں ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مشکلات کا احاطہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کو ملائیشیا کو سال 2025 کیلئے آسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی۔
یہ بھی پڑھیں :آرٹیکل 63اے نظرثانی کیس:بانی پی ٹی آئی کی خود ویڈیو لنک پر پیش ہونے کی استدعا
وزیر اعظم ابراہیم نے آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر، پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے وسیع تر کردار کی حمایت کا اظہار کیا۔
وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعاون کا ذکر کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے تمام سطحوں پر بات چیت اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) اور دو طرفہ مشاورت بڑھانے کیلئے حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔
قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر ملائیشیا اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر داتو سری انور ابراہیم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔