سسپنس اورڈرامہ فلم"منجوماریہ"سنیماگھروں میں ریلیزہوگئی

پریمیئرمیں کاسٹ کے علاوہ خلیل الرحمان قمر، سیدنور،نشو بیگم ،علی زریون سمیت فلم انڈسٹری کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں

Oct 03, 2024 | 13:30:PM
سسپنس اورڈرامہ فلم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سسپنس اورڈرامہ سے بھرپورلالی وڈ فلم "منجو ماریہ "سنیماگھروں میں ریلیزہوگئی،لاہورمیں منعقد ہونے والے پریمیئرمیں فلم کی کاسٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان فلم انڈسٹری کی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

فلم" منجوماریہ" گِلگت بلتستان کی خوب صورت لوکیشنز پرعکس بند کی گئی ہے، کہانی احمد معراج نے لکھی ہے ،علی راج نے فلم کی ہدایات دی ہیں جبکہ سارہ علی فلم کی پروڈیوسرہیں۔

فلم کاپریمیئرلاہور کے مقامی مال میں واقع سینمامیں ہوا جس میں فلم کے فنکاروں،ڈائریکٹراورپروڈیوسر کے علاوہ معروف مصنف خلیل الرحمان قمر، نامور ہدایت کار سیدنور، پاکستان فلم  پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب چیئرمین شہزاد رفیق،سابق چیئرمین چودھری ذوالفقارعلی مانا، پروڈیوسر صفدر ملک،رابعہ حسن،سینئراداکارہ نشو بیگم ،ہدایت کار مسعود بٹ،سہیل بٹ،نوجوان نسل کے مقبول شاعر علی زریون ،فلم پروڈیوسر جونی ملک سمیت انڈسٹری کی دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔

فلم کی پروڈیوسر سارہ علی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ "منجوماریہ"ایک مکمل فیملی فلم ہے جس میں  کہانی کے ساتھ ساتھ ایکشن اورسسپنس بھی ہے،اس کے میوزک پر بھی بہت توجہ دی گئی ہے۔

فلم میں"منجو"کاکردارکرنے والے اداکارعبدالمنان نے پریمیئرکے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہم نے فلم کی تکمیل سے لے کر ریلیز تک بہت سے مسائل کاسامناکیاہے ،اس کی عکس بندی چونکہ گلگت بلتستان کی خوب صورت وادیوں میں ہوئی ہے وہاں شوٹنگ کے دوران بھی کئی مسائل کاسامناکرناپڑا،بڑی عیدپر فلم نے ریلیزہونا تھا اورسب تیاریاں مکمل تھیں کہ پریمیئرسے ایک روز قبل اس کی نمائش پر پابندی لگادی گئی،لیکن ہم نے کسی بھی مرحلے پر ہارنہیں مانی اورآج فلم بالآخر سینماگھروں کی زینت بن گئی ہے۔

فلم  میں ماریہ کامرکزی کردار اداکرنے والی اداکارہ کرن کاظمی نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہم لوگ نئے ہیں لیکن بہت محنت سے یہ فلم بنائی ہے، میری عوام سے گزارش ہے کہ وہ گھروں سے نکلیں اورہماری اس کاوش کوسینماؤں میں آکردیکھیں۔  

 فلم میں عبدالمنان نے منجو اور کرن کاظمی نے ماریہ کے اہم کرداراداکئے ہیں،فلم کے ہیرو اسد علی ہیں۔

فلم "منجو ماریہ" نے اس سال عیدالاضحیٰ پر ریلیزہوناتھالیکن پابندی کے باعث عید الاضحیٰ پر ریلیز نہیں ہوسکی تھی،تاہم  اب سنسر سے پاس ہونے کے بعد پاکستان بھر کے سنیماگھروں میں اسے ریلیزکردیاگیاہے۔

واضح رہے کہ فلم کے ڈائریکٹرعلی راج اورپروڈیوسر سارہ علی نامور مصنف اورڈائریکٹرمنیرراج کے بچے ہیں،منیرراج آج کل فالج کے باعث شدیدبیماراورہسپتال میں زیر علاج  ہیں، تھیٹرکے حوالے سے منیرراج کاکام کسی تعارف کامحتاج نہیں،فلم "منجوماریہ"میں بھی ان کی ایک گیسٹ اپیئرنس تھی۔