وزیراعلیٰ مریم نوازکاویژن سموگ لیس پنجاب،صوبہ بھر میں آپریشن کلین اپ
آلودگی کا مؤجب بننے والے انڈسٹریل یونٹس اوربھٹوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے،مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سموگ لیس پنجاب و یژن کے تحت آلودگی کا مؤجب بننے والے انڈسٹریل یونٹس مسلسل ای پی اے کے ریڈار پر ہیں،وزیراعلی کی ہدایت پر سموگ سے بچاؤ اور ماحول کی بہتری کے لیے پنجاب بھر میں آپریشن کلین اپ تیزی سے جاری ہے۔
سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب کی قیادت میں پنجاب بھر میں زہریلا دھواں خارج کرنے والے بھٹوں،ٹائرجلانے والے یونٹس اورفیکٹریوں کے خلاف بھرپورکریک ڈاٶن جاری ہے۔
اربن یونٹ کی نشاندہی پرضلع لیہ میں 95فیصد غیر زگ زیگ بھٹوں کو گزشتہ دو روز میں مسمار کردیاگیا،باقی ماندہ بھٹوں کو گرانے کا کام جاری ہے،ضلع سرگودھا میں اس حوالے سے مختلف عدالتوں سے تمام حکمِ امتناعی بھی ختم کروا لیے گئے ہیں۔
لیہ میں ضلعی انتظامیہ نے 17 بھٹوں کا معائنہ کیاجن میں سے 15 بھٹے مسمارکردیئے،1 بھٹہ زیگ زیگ ٹیکنالوجی کے تحت فنکشنل پایا گیا جبکہ 1 بھٹہ غیر فعال تھا۔
دو مزید پائیرولیسس پلانٹس کے مسمار کیے جانے کے بعدضلع سرگودھا اب پائیرولیسس پلانٹس کی آفت سے مکمل طور پر پاک ہو چکا ہے،شیخوپورہ میں بھی 2 پائیرولیسس پلانٹس اور 1 اسفالٹ پلانٹ مسمار کر دیا گیا ہے جس کے بعد پائیرولیسس پلانٹس کے مالکان نے اپنے پلانٹس کو دیگر صوبوں میں منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔
ننکانہ میں بھی ٹاٸرجلانے والے پلانٹس کو آپریشن کرکے ساٸٹ سے مکمل طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔
محکمہ ماحولیات اور انتظامیہ کی جانب سے میانوالی میں بھی زہریلا دھواں پھیلانے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جس کے تحت "زگ زیگ" ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے 9 بھٹے گرا دیئے گئے ہیں، میانوالی کے واں بھچراں اور شادیہ سمیت دیگرعلاقوں میں بھی آلودگی پھیلانے والے بھٹوں کو گرادیا گیاہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے مختلف اضلاع میں آلودگی پھیلانے والے بھٹوں اور کارخانوں کی پڑتال کا عمل جاری ہے، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے میانوالی میں بھٹوں کے خلاف کارروائی کرنے والی ٹیم کے افسران اور عملے کو شاباش دیتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سموگ سیزن کی آمد سے پہلے بچاؤ کے لیے اقدامات پر سخت عمل درآمد کی ہدایت کی ہے،محکمہ ماحولیات ضلعی انتظامیہ کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ،قانون اورپالیسی پرسخت عمل درآمد کرا رہا ہے،میڈیا اورعوام سموگ سے بچاؤ کی مہم میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔
سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے مزیدکہاکہ آلودگی پھیلانا موت بانٹنے کے مترادف ہے،لہٰذا عوام کی زندگیوں سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے،گزشتہ چھ ماہ سے مریم نواز شریف کی حکومت کا ہر ادارہ انسداد سموگ کے لیے متحرک ہے۔
مریم اورنگزیب نے بھٹہ مالکان کوپیغام دیتے ہوئے کہاکہ آپ جتنی دفعہ بھی زگ زیگ سے دوبارہ پرانے بھٹوں پر شفٹ ہونگے،ہماری مانیٹرنگ ٹیمیں آپ کا تعاقب کرتے ہوئے ان کو ضرور گرائیں گی۔