این اے 37، پی کے 99 اور 78 میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں خارج

Oct 03, 2024 | 17:59:PM

(امانت گشکوری)این اے 37 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی  کرنے کا کیس ، سپریم کورٹ نے پیپلزپارٹی کے ساجد طوری اور الیکشن کمیشن کی اپیلیں خارج کر دیں ۔

تفصیلات کے مطابق این اے 37 سے کامیاب مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم )کے حمید حسینی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن برقرار رکھا گیا ہے ،ساجد طوری اور الیکشن کمشین کی اپیلیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی گئیں ،پی کے 99 بنوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں بھی واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی گئی ہے ،سپریم کورٹ نے پی کے 78 پشاور میں دوبارہ گنتی کی درخواست بھی خارج کر دی ۔

 چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پشاور ہائیکورٹ فیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کرنے پر الیکشن کمیشن کی سخت سرزنش کر دی ، چیف جسٹس  نے کہا الیکشن کمیشن کیوں فریق بن رہا ہے امیدواروں کو آپس میں لڑنے دے، الیکشن کمیشن کیوں اپنی ساکھ خراب کر رہا ہے کیا عدالت الیکشن کمیشن کیخلاف سخت احکامات جاری کرے؟ وکیل الیکشن کمیشن  نے جواب دیا کہ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے دوبارہ گنتی کے اختیار پر قدغن لگائی گئی، نتائج مرتب ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا اختیار ختم ہوجاتا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے پھر کہتا گنتی دوبارہ کرو، اگر درخواستیں زیر التواء تھیں تو کامیابی کے نوٹیفکیشن کیوں جاری کیے، 

نوٹیفکیشن کسی عدالتی حکم پر ہوتے تو بات اور تھی، جسٹس نعیم افغان نے کہا الیکشن کمیشن نے آر او پر الزام لگایا کہ پچھلی تاریخوں میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کی، الیکشن کمیشن ریکارڈ سے ثابت کرے کہ درخواست گزشتہ تاریخ میں مسترد ہوئی، ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست 9 فروری کو دی گئی تھی، جسٹس نعیم اختر افغان  نے کہا کہ امیدوار خود کہہ رہا ہے کہ ریٹرننگ افسر تک درخواست 12 فروری کو پہنچی تھی۔

چیف جسٹس فائز عیسی نے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری ہوچکے اب الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں، وکیل درخواست گزار  نے کہا کہ ٹربیونل میں اپیل کرنے کا قانونی وقت ختم ہوچکا، ٹربیونل مناسب سمجھے تو قانون کے مطابق درخواست پر سماعت کر سکتا ہے۔

مزیدخبریں