پی ٹی آئی کا احتجاج :اسلام آباد کے پرائیویٹ سکولز بند رکھنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی )آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کا اسلام آباد میں آج پی ٹی آئی احتجاج کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔
جنرل سیکرٹری آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن وحید خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ڈی چوک میں احتجاج کی کال کے بعد راستوں کی بندش کے باعث گزشتہ روز بھی طلبا کو انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ،بچوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اس لیے آج تمام سکولزبند رہیں گے ،واضح رہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آٰباد نے بھی راستوں کی بندش کے باعث آج عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے ۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد نے بھی ایک بیان میں کہا ہےکہ آج اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے باعث راولپنڈی سٹی کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے، ابرار احمد کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ راستوں کی بندش کے باعث کیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے تمام سہولت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنس آفس آج بند رہیں گے،میٹرو بس انتظامیہ نے بھی راولپنڈی میں آج میٹرو بس سروس معطل رہے گی، میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر معطل رہے گی، صدر سے آئی جے پی روڈ تک بس سروس مطل رہے گی، آئی جے پی روڈسے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس بحال رہےگی، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر فیض آباد کو بند کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مری روڈ سمیت اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی بند کیا جارہا ہے۔