33برس بعد بل گیٹس 10 امیر ترین افراد کی فہرست باہر 

Oct 03, 2024 | 23:49:PM

(24 نیوز ) مائیکرو سافٹ  کے بانی بل گیٹس 33 برس بعد  دنیا کے 10امیر ترین افراد  کی فہرست سے باہر ہو گئے ہیں ،امیر ترین افراد کی فہرست میں ایلون مسک پہلے ، لیری الیسن دوسرے اور جیف بیزوس تیسرے نمبر پر ہیں۔
امریکی جریدے 'فوربز' کی رپورٹ کے مطابق بل گیٹس دنیا کے امیر ترین 10 افراد کی فہرست سے باہر ہو کر 12 ویں نمبر پر آ گئے ہیں ، 1991 کے بعد  پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ بل گیٹس دنیا کے 10 سرفہرست ارب پتی افراد کی فہرست سے باہر ہوگئے،مائیکروسافٹ کے شریک بانی اگرچہ اب بھی 107 ارب ڈالرز کے مالک ہیں لیکن ان کی مجموعی دولت میں گزشتہ برس کی نسبت 4 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

بین الاقوامی جریدے کے مطابق بل گیٹس کی دولت میں کمی کی ایک بڑی وجہ ان کی ملینڈا فرینچ گیٹس سے 2021 میں ہونے والی طلاق ہے، میلنڈا 27 سال تک بل گیٹس کی اہلیہ رہیں تھیں، ملینڈا نے مئی میں اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے ماہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی شریک چیئرپرسن کے عہدے سے مستعفی ہو رہی ہیں ،اس اعلان کے وقت انہوں نے بتایا تھا کہ وہ فلاحی کاموں کے لیے اضافی ساڑھے 12 ارب ڈالر حاصل کریں گی۔

البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ یہ فنڈز کہاں سے آئیں گے اور انہیں کب ملیں گے، تاہم فوربز کے مطابق یہ فنڈز گیٹس فاؤنڈیشن کے اثاثوں سے نہیں منتقل ہوئے بلکہ اس کی ادائیگی بل گیٹس نے کی اور بظاہر یہ رقم پہلے ہی منتقل کی جا چکی تھی،دوسری جانب طلاق کے بعد ملینڈا کے اثاثوں کی مجموعی مالیت ایک سال قبل 10.3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 29 ارب ڈالر تک پہنچ گئی اور وہ امریکا کی نویں امیر ترین خاتون بن گئیں،دلچسپ بات یہ ہے کہ بل گیٹس ستمبر 2022 میں فوربس کے زیراہتمام ایک سمٹ میں مکالمے کے دوران اِس رینکنگ میں اپنی تنزلی کی پیشگوئی کرچکے تھے۔

اس کی وجہ بتاتے ہوئے بل گیٹس نے کہا تھا کہ وہ فلاحی کاموں میں حصہ لیتے رہیں گے اور جب تک وہ فوربس کے ارب پتیوں کی فہرست سے باہر نہیں ہو جاتے تب تک ایسا کرتے رہیں گے۔

10 امیر ترین افراد کون؟

دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی نئی فہرست کے مطابق پہلے نمبر پر ایلون مسک، دوسرے پر لیری الیسن اور تیسرے پر جیف بیزوس ہیں ، فہرست میں چوتھے نمبر پر مارک زکربرگ، پانچویں پر برنارڈ آرنالٹ اینڈ فیملی، چھٹے نمبر پر ویرن بفیٹ، ساتویں نمبر پر لیری پیچ اور آٹھویں نمبر پرامانسیو اوٹیگا( Amancio Ortega)، نویں نمبر پر سرگئی برن Sergey Brinاور اسٹیو بالمر دسویں نمبر پر ہیں جبکہ بھارتی ارب پتی مکیش امبانی 11ویں نمبر پر ہیں۔

مزیدخبریں