ٹوکیو پیرالمپکس، پاکستان کے حیدرعلی نے تاریخ رقم کردی

Sep 03, 2021 | 12:01:PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے حیدر علی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں مردوں کے ڈسک تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق حیدرعلی نے پانچویں مرتبہ 55.26 کی تھرو کیساتھ گولڈمیڈل جیتا۔ یوکرائن کے زبنیاک 52.43 میٹرز تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئے اور سلور میڈل کے مستحق ٹھہرے جبکہ برازیل کے ٹیکسیرا ڈی سوزا نے 51.86 میٹرز تھرو کے ساتھ تیسری پوزیشن پر برونز میڈل جیتا۔ حیدرعلی رواں پیرالمپکس مقابلوں میں گولڈ میڈیل جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ انہوں نے اس سےقبل بھی پاکستان کیلئے دو پیرالمپکس میڈل جیتے۔

مقابلے میں شرکت سے قبل حیدر علی کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کے دوران خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کورونا وبا کے سبب ٹریننگ کی سہولیات ناکافی رہیں جس کے سبب خود کو ویسے تیار نہیں کر پائے جو پیرالمپکس جیسے عالمی مقابلے کیلئے ضروری سمجھا جاتا ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ٹوکیو پیرا اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے حیدر علی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ حیدر علی، ہمیں آپ پر فخر ہے آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا اور سبز ہلالی پرچم سربلند کیا ہے، فواد حسین کا مزید کہنا تھا کہ ‏حیدر علی نے پانچویں باری میں 55.26 کی تھرو کیساتھ گولڈ میڈل جیتا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی حیدر علی کو سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ حیدر علی نے اپنی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس کامیابی پر قوم کو ان پر ناز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاکر سے بدسلوکی ۔۔ ٰ ٰ6 ملزموں کانام ۔۔ کس نے کیا حرکت کی ؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

مزیدخبریں