سیلاب کی تباہ کاریاں ، مزید 57 افرادجاں بحق 

Sep 03, 2022 | 00:16:AM

(24نیوز)مون سون بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں تاحال جاری ہیں ، چوبیس گھنٹوں میں مزید 57 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تازہ رپورٹ جاری کردی۔ جس کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 38 افراد لقمہ اجل بنے،خیبرپختونخواہ میں 17 کشمیر میں 1 بلوچستان میں 1 ہلاکت رپورٹ ہوئی، چوبیس گھنٹوں میں زخمی افراد کی کل تعداد 7683 ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران 22 مرد 18 خواتین اور 17 بچے جاں بحق ہوئے،ملک بھر میں اب تک جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 1265 ہوگئی،سب سے زیادہ سندھ میں 470 افراد جاں بحق ہوئے،خیبرپختونخواہ میں کل تعداد 285 تک جاپہنچی،بلوچستان میں 257 اور پنجاب میں 188 افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اب تک زخمی ہونیوالے والوں کی کل 12 ہزار 577 ہو گئی،سندھ زخمیوں میں سرفہرست تعداد 8 ہزار تین سو چودہ تک جا پہنچی ،پنجاب 3737 کے پی 336 جبکہ بلوچستان میں 164 افراد زخمی ہوئے،رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں بلوچستان میں 500 کلو میٹر سڑک کو نقصان پہنچا،ملک بھر میں کل 5563 کلو میٹر سڑک حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہوئی ۔
چوبیس گھنٹوں میں مزید 3766 مال مویشیوں کو نقصان پہنچا،ملک بھر میں کل 7 لاکھ 35 ہزار 584 مویشیوں کا نقصان پہنچا،ملک بھر میں 897567 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا،حالیہ بارشوں اور سیلاب سے کل 529472 گھر مکمل تباہ ہو گئے، 80 اضلاع حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تاحال متاثر ہ ہیں،ملک بھر میں 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار 329 افراد بارشوں سے متاثر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:وعدہ کرتا ہوں آئندہ دو ماہ میں بجلی اور تیل کی قیمتیں کم کریں گے،مفتاح اسماعیل

مزیدخبریں