حکومت یا کوئی ادارہ تنہا سیلاب کی تباہ کاریوں کامقابلہ نہیں کرسکتا:احسن اقبال

Sep 03, 2022 | 15:52:PM

(24نیوز)وفاقی وزیر  برائے منصوبہ بندی  احسن اقبال  نے کہا کہ ہماری قوم نے ہر  آفت کا ڈٹ کر  مقابلہ کیا ، عام حالات سے 500 فیصد زائد بارشوں سے خوفناک سیلاب آیا جس سے 10 لاکھ سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا،حکومت یا کوئی ادارہ تنہا سیلاب کی تباہ کاریوں کامقابلہ نہیں کرسکتا۔

تفصیلات کے مطابق  نیشنل فلڈ رسپانس سینٹر میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاموں سے متعلق بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حالیہ تاریخ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے سب سے بڑے نقصان کا سامنا ہے، ترقی یافتہ ممالک بھی قدرتی آفات کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں، سیلاب سے متاثر ہونے والی سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے،انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث ملک میں بجلی کے 881 فیڈرز متاثر ہوئے اور 9 ٹرانسمیشن لائنوں کو نقصان پہنچا، 758 فیڈرز کو بحال کیا گیا، بلوچستان میں بجلی کی ترسیل زیادہ متاثر ہوئی، نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سنٹر کےقیام سے بحالی کے کاموں میں تیزی آئےگی۔

دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں چار ہیٹ ویوز کا سامنا کرنا پڑا، سیلاب اوربارشوں سے 1265 افراد جاں بحق ہوئے اور 14 لاکھ گھروں کو نقصان پہنچا، سیلاب سے 7 لاکھ35 ہزار سے زائد لائیو اسٹاک کا نقصان ہوا۔

مزیدخبریں