(ویب ڈیسک ) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ رواں برس 9 مئی کو جو کچھ ملک میں ہوا وہ بغاوت اور خانہ جنگی کی جانب ایک کوشش تھی ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کا ہدف موجودہ آرمی چیف اور ان کی ٹیم تھی،ایسا تاثر نہیں دینا چاہتے کہ 9 مئی کے ملزمان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی ہو رہی ہے لیکن اگر ملکی قوانین کو پامال کرنے اور تشدد پر آمادہ جماعت کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی نہ ہوئی تو ہم اس معاملے میں فریق نظر آئیں گے۔
اس کے علاوہ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بجلی ایسا مسئلہ نہیں جس پر پہیہ جام ہڑتال کی جائے اور ہمیں اس طبقے سے بہت ہمدردی ہے جس پر بجلی بلوں کا بہت بوجھ ہے،انہوں نے کہا کہ رات کو دکانیں جلد بند کرنے سے متعلق فیصلہ صوبوں کو اعتماد میں لے کر کریں گے اور فیصلے کا نفاذ جلد نظر آئے گا، بجلی معاملے پر جلدی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے، ہم ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جو بعد میں واپس لینا پڑے۔