وزیراعظم سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، کراچی سمیت دیگر شہروں کے مسائل پر گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے خالد مقبول صدیقی کی زیرصدارت ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی اور کراچی سمیت دیگر شہروں کے مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، مصطفیٰ کمال، اور سید امین الحق شامل تھے، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں سندھ بالخصوص کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی، ایم کیو ایم وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر وزیرِاعظم کو خراج تحسین پیش کیا، وزیرِ اعظم کی کاروبار دوست پالیسیوں اور برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے اقدامات کی بھی تعریف کی، مزید براں وفد نے وزیرِ اعظم کو معیشت کی ترقی کیلئے تجاویز اور ملکی معاشی مراکز بالخصوص کراچی کے لوگوں کی خوشحالی کیلئے تجاویز پیش کیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں آپریشن کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ کا دوٹوک اعلان
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے، اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے، کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشیت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔