بھارت:حضورﷺ کی شان میں گستاخی کرنیوالے ہندو  لیڈر کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

Apr 04, 2021 | 09:29:AM

(24 نیوز)بھارت کے شہر ممبئی میں  تحفظ ناموس رسالت بورڈ کے رہنماؤں نے  پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ اقدس میں گستاخی کرنے والے متنازع ہندو لیڈر مہنت نرسنگھا نند سرسوتی کے خلاف ایف آئی آر درج کئے جانے اور  اسکے خلاف  سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق  گزشتہ روز  تحفظ ناموس رسالت بورڈ مرکزی صدر حضرت سید معین الدین اشرف اشرفی الجیلانی اور رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج سعید نوری کی قیادت میں علمائے کرام کے وفد نے ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ سے ملاقات کی اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ اقدس میں گستاخی کے مرتکب نرسنگھا نند سرسوتی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے نیز سخت کارروائی کے لئے ایک میمورنڈم دیا۔حضورﷺ  کی شان مبارک میں گستاخی کرنے والے سوامی نرسنگھا نند کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سید معین میاں کہا کہ ہم اپنے آقا کی ناموس کے لئے اپنی جانوں کو قربان کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں، لہٰذا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں امن کے دشمنوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے تاکہ دوبارہ کوئی اس طرح کی حرکت نہ کر سکے۔رضا اکیڈمی کے سربراہ سعید نوری نے کہا کہ پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی نا قابلِ برداشت ہے اور اس طرح کی حرکت کرنے والوں کو جیل میں ڈال دیا جانا چاہئے کیونکہ ہندو دھرم کی آڑ میں آج کچھ لوگ سستی شہرت پانے کے لئے اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں، لہٰذا جب تک ایسے لوگوں کے ساتھ سختی سے نہیں نمٹا جائے گا، یہ باز نہیں آئیں گے۔

 اس موقع پر سرورِکائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ممبئی شہرکے نگراں وزیر اسلم شیخ نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی انسانیت کے خلاف بڑا جرم ہے اور رسول اللہ کی شان میں توہین آمیز کلمات کہنے والے کی جگہ صرف جیل میں ہے۔ سوامی نرسنگھا نند  کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے مطالبے پر اسلم شیخ نے ممبئی پولیس محکمہ کے اعلی افسران سے بات چیت کی اور سوامی نرسنگھا نند کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی، جس کے بعد رضا اکیڈمی کی جانب سے پائید ھونی پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کرلی گئی۔اسلم شیخ نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ایسے لوگوں کے خلاف سخت قوانین کا اطلاق ہوگااور ایسے معاملوں کی روک تھام کے لئے حکومت کو سخت قانون بنانے کی سفارش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ دہلی کے پریس کلب میں ہندو متنازعہ لیڈر سوامی نرسنگھا نند نے پریس کانفرنس میں توہین آمیزکلمات کا اظہار کیا تھا، جس پر  پورے بھارت کے مسلمانوں میں غم و غصے کا ماحول ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خا ن کب فون پر عوام سے مخاطب ہوں گے۔۔شیڈول جاری
 

مزیدخبریں