فخر زمان کا بلا رنز اگلنے والی مشین بن گیا،پاک ،جنوبی افریقہ کے سنسنی خیز میچ کی خاص خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ٹیم کو 17رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم 342 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر324 رنز ہی بنا پائی۔ پاکستان کی طرف سے فخر زمان ایک بار پھر فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 193 رنز بنائے اور آخری وقت تک کریز پر کھڑے نظر آئے۔ وہ آخری اوور کی پہلی گیند پر ڈبل سکور لیتے ہوئے رن آئوٹ ہوگئے۔
انہوں نے 155 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے کرکٹ کی تاریخ کی یادگار اننگز کھیلی اور جوہانسبرگ کے میدان میں سب سے زیادہ رنز کا انبار لگانے والے کھلاڑی قرار پائے۔ کپتان بابر اعظم 31 رنز کے ساتھ دوسرے ٹاپ سکورر رہے جبکہ آصف علی نے 19، شاداب خان نے 13 اور فہیم اشرف نے 11 رنز بنائے۔
قبل ازیں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے تھے جس میں چار نصف سنچریاں شامل تھیں۔ کپتان ٹیمبا باووما 90 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک نے 80 رنز کی اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ راسی وان دیر دوسین نے 60 اور ڈیوڈ ملر نے 50 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث نے تین جبکہ شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی آﺅٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:فضل الرحمان کا طبیعت میں بہتری کے بعد اہم فیصلہ