شہباز شریف اسلام آباد میں گھومنے کی بجائے عدالت پیش ہوں، فواد چودھری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف مٹر گشت کر نے کی بجائے عدالت میں پیش ہوں ۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’شہباز شریف عدالت کو بدعنوانی کے مقدموں میں مطلوب ہیں اور ان کی ضمانت کی درخواست عدالت میں ہے لیکن وہ وہاں پیش ہونے کی بجائے اسلام آباد میں مٹرگشت کر رہے ہیں۔ اگر یہ کوئی عام آدمی ہوتا اب تک ضمانت منسوخ ہو چکی ہوتی۔ جب تک قانون کا اطلاق امیر اور غریب پر برابر نہیں ہوتا ہم قوم نہیں بن سکتے۔
واضح رہے کہ لاہور میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف 2 مقدمات کی سماعت سپیشل کورٹ سینٹرل اور احتساب عدالت میں ہورہی ہے، سپیشل کورٹ سینٹرل میں شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔امجد پرویز ایڈووکیٹ کی جانب سے شہباز شریف کی حاضری معافی سے متعلق دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہباز شریف کو سپریم کورٹ میں کسی نے نہیں بلایا جس پر وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کا جو حکم پیش کیا اس کی مصدقہ نقل نہیں ہے۔
دوسری جانب سپیشل کورٹ سینٹرل میں ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ مقدمے کی سماعت کیلئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف سپیشل کورٹ پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ سپیشل کورٹ سینٹرل میں ایف آئی اے کی شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر ہے اور سپیشل جج سینٹرل نے ضمانت منسوخ کی اس درخواست پر شہباز شریف کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی دوران پرواز عملے پر بڑی پابندی عائد