(ویب ڈیسک) ایلون مسک نے ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کر دیا ،چڑیا، کو اڑا کر ،کتے، کو لوگو بنا دیا گیا ہے۔
ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے جب سے ٹوئٹر کو خریدا ہے تب سے اس میں بڑی تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور ان تبدیلیوں کا سلسلہ کہیں تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ اس بار ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا لوگو ہی بدل دیا گیا ہے۔اب سے صارفین کو نیلے رنگ کی چڑیا کی جگہ ،ڈوج، یعنی کتا نظر آیا کرے گا۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی تاریخ میں سب سے بڑی تبدیلی ہوئی ہے، اپنے حیران کن فیصلوں کی وجہ سے شہرت پانے والے اس کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کے لوگو کی نیلی چڑیا کی چھٹی کروا کر صارفین کو ایک اور بڑا سرپرائز دیا ہے۔ صارفین کو ٹوئٹر کے ویب پیج پر جانے سے نیلی چڑیا کی جگہ کتے کی تصویر نظر آ رہی ہے۔
مزید پڑھیں: ملک میں موسم کی صورتحال
تاہم اس وقت یہ تبدیلی صرف ویب پیج پر ہی کی گئی ہے اور ٹوئٹر ایپ پر ابھی بھی نیلی چڑیا والا لوگو ہی نظر آ رہا ہے۔ ہوم بٹن کے طور پر نظر آنے والی ٹوئٹر کی نیلی چڑیا کی بجائے اب صارفین کو کتے کی تصویر نظر آ رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ پیج ری فریش کرنے پر آنے والی چڑیا کی جگہ بھی کتے نے لے لی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک نے لکھا کہ اپنے وعدے کے مطابق میں نے لوگو تبدیل کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹوئٹر کو خریدنے سے پہلے ایک صارف نے انہیں کہا تھا کہ ٹوئٹر کو خرید کر اس کے نیلے رنگ والی چڑیا والے لوگو کو ڈوج سے بدل دیں۔
ایلون مسک کی جانب سے کی جانے والی تبدیلی کے بعد انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں ڈوج میم کو شیئر کیا جس میں ایک پولیس اہلکار ڈرائیور کے لائسنس کا جائزہ لے رہا ہے اس کے ہاتھ میں ٹوئٹر کی نیلی چڑیا والی تصویر ہوتی ہے جبکہ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ڈوج کہتا ہے کہ یہ میری پرانی تصویر ہے۔
واضح رہے کہ ڈوج کرپٹو کرنسی کی علامت سمجھا جاتا ہے جسے 2013 میں دیگر کرپٹو کرنسیوں کے سامنے مذاق کے طور پر لانچ کیا گیا تھا۔