پہلی رمضان سپورٹس سیریز 7 اپریل سے شروع ہوگی، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض

Apr 04, 2023 | 11:47:AM

(ویب ڈیسک) مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پہلی رمضان سپورٹس سیریز 7 اپریل سے شروع ہو رہی ہے جو 11 اپریل تک جاری رہے گی۔

   نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر کھیل پنجاب کا کہنا تھا کہ رمضان سپورٹس سیریز میں 6 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں ہاکی، فٹبال، کرکٹ ٹیپ بال، کبڈی، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن شامل ہیں جبکہ تمام مقابلے رات کو ہوں گے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ رمضان سپورٹس سیریز کے انعقاد کا مقصد نگران وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، گراؤنڈ کھلاڑیوں سے آباد ہوں گے تو نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، سپورٹس کی ترقی اور فروغ کیلئے مزید ایونٹس کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس سیریز میں پنجاب کے تما م ڈویژنز سے 768 مرد و خواتین کھلاڑی اور 135 آفیشلز حصہ لیں گے، سیریز میں ہاکی ٹورنامنٹ 8 اے سائیڈ ہوگا، 20، 20 منٹ کے دو ہاف ہوں گے اگر کوئی کھلاڑی زخمی ہوگیا تو اس کی جگہ دوسرا کھلاڑی نہیں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کبڈی کا کھیل پنجاب کے ماتھے کا جھومر ہے، پنجاب کے نوجوانوں میں کبڈی بہت مقبول ہے، سپورٹس سیریز میں کبڈی کا بڑا ٹاکرا رکھا ہے جس میں پنجاب بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے، کبڈی کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ اور رنر اپ کو 5 لاکھ روپے کے نقد انعامات دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فٹبال کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ روپے، رنر اپ کو 3 لاکھ اور تیسری پوزیشن لینے والی ٹیم کو 2 لاکھ رو پے، کرکٹ ٹیپ بال کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ، رنر اپ کو 50 ہزار اور تیسری پوزیشن لینے والی ٹیم کو 25 ہزار روپے انعام میں دیے جائیں گے۔

مزیدخبریں