'' 3 ججز کیخلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کیا جانا چاہئے''

Apr 04, 2023 | 20:04:PM

(24 نیوز) نواز شریف نے کہا ہے کہ تین ججز کے خلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کیا جانا چاہئے، آمروں اور ڈکٹیٹروں کیلئے نظریہ ضرورت ایجاد کرلیا جاتا ہے۔

قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے لندن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کو دوبارہ اقتدار میں لانے کیلئے جتن کئے جا رہے ہیں، ہم جیسے وزرائے اعظم کو نکال کر آمروں کو گلے لگایا جاتا ہے، سمجھ نہیں آتی کسی کو حکومت سے نکالاجاتا ہے، کسی کو پھانسی گھاٹ لے جایا جاتا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آرہا ملک میں حکومتیں اور پارلیمان کیسے چلیں گے، پاکستان نے زندہ رہنا ہے تو پارلیمنٹ کو اپنا آپ منوانا ہوگا، مجھے گاڈ فادر اور سسیلین مافیا تک کہا گیا، کیا نظریہ ضرورت صرف ڈکٹیٹروں کے لئے ہوتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ نہیں ون مین شو ہے، پارلیمنٹ نے قانون منظور کیا، اس کی پرواہ بھی نہیں کی گئی، فل کورٹ بنانے پر سب کا اتفاق تھا تو انھیں فل کورٹ بنانا چاہئے تھا، یہ کالا فیصلہ تھا تو کیا آپ نے اس کو سفید کیا ؟ میں نے کہا تھا اگراس طرح کے فیصلے آئیں گے تو ڈالر 500 روپے تک جائے گا۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ 3 ججز کا بینچ 4 ججز کے فیصلے کو نہیں مان رہا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نا اہل کیا گیا، پاکستانی قوم جاگے ہوش کے ناخن لے، ملک کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو ججز میرے خلاف ظالمانہ فیصلے کا حصہ ہیں، چیف جسٹس عمر عطابندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن نے میرے خلاف فیصلے دیئے، فل کورٹ بنانے میں کیا امر مانع تھا ؟ اس سے پتہ چلتا ہے دال میں کچھ کالا ہے۔

مزیدخبریں