(احمد رضا ، ہیڈ سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر احمد شہزاد نے قومی ٹیم میں واپسی پر نظریں جما لی ہیں۔
ٹی 20، ون ڈے اور ٹیسٹ میں سینچری بنانے والے پاکستان کے معروف بلے باز احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ میں قومی ٹیم میں واپسی کیلئے محنت کر رہا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ میں اس کیلئے تیار ہوں اس کے ساتھ ساتھ میں اس بات کا بھی قائل ہوں کہ نوجوانوں کو چانس دینا چاہیے لیکن جس طرح افغانستان کیخلاف سیریز میں کیا گیا مجھے لگتا ہے وہ طریقہ غلط ہے ، جونیئرز کو سینئرز کیساتھ کھلانا چاہیے اس طرح نئے آنے والےکھلاڑیوں کو سیکھنے کا اچھا موقع ملتا ہے ۔
ٹی 20 میں پاکستان کی جانب سے سینچری سکور کرنے والے نوجوان بلے باز احمد شہزاد کا ایشیا کپ کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے رویئے پر کہنا تھا کہ بی سی سی آئی پر ان کی حکومت کا پریشر ہے ، وہ کبھی بھی پاکستان آ کر نہیں کھیلیں گے لیکن انہیں چاہیے کہ وہ پاکستان کی صورتحال کو سمجھیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں کرکٹ کی بحالی کیلئے پچھلے 7 سالوں میں بہت محنت کی ہے آپ اپنے فیصلے سے کسی بھی ملک کی محنت کو اس طرح ضائع نہیں کر سکتے، بی سی سی آئی کو چاہیے کہ وہ اپنی حکومت کو سمجھائے ہم تو انہیں آپشن دے رہے ہیں کہ دبئی یا پھر کسی اور جگہ پر میچ کھیل لے ۔