پولیس نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو حراست میں لے لیا

Apr 04, 2023 | 23:09:PM

(ویب ڈیسک) رقم دینے کے کیس میں پولیس نے نیویارک میں ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو حراست میں لے لیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نیویارک کی عدالت میں پیشہ ہوئے، سابق امریکی صدر پر 34 سنگین نوعیت کے مقدمات ہیں، عدالت میں ٹرمپ پر الزامات کی تفصیلات پڑھ کر سنائی گئیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے الزامات کو مسترد کردیا۔ عدالت کے باہر ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کے انتخابات میں اداکارہ کو خاموش رہنے کیلئے رقم دینے کا الزام ہے، فوجداری مقدمات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر ہیں۔

یاد رہے ایک گرینڈ جیوری نے ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے ووٹ دیا۔ اس کا مطلب ہے فرد جرم یعنی رسمی طور پر ایک تحریری شکل میں لکھا الزام جو استغاثہ کی جانب سے ایک فرد پر لگایا گیا ہے جن کا ماننا ہے کہ اس شخص نے جرم کیا ہے۔ فرد جرم میں الزامات کے بارے میں بنیادی معلومات شامل ہوتی ہیں اور ٹرمپ کے معاملے میں اس میں سنگین الزامات شامل ہیں۔

یہ ایسے جرائم ہیں جن کی سزا ایک سال یا اس سے زیادہ کی قید ہو سکتی ہے۔ پراسیکیوٹر کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کے برعکس یہ فرد جرم نیویارک شہر میں مین ہیٹن کی ایک گرینڈ جیوری کے خفیہ ووٹ کا نتیجہ ہے۔ گرینڈ جیوری شہریوں کا ایک گروپ ہے جو گواہوں کی گواہی اور شواہد سنتا ہے اور فیصلہ کرتا ہے کہ آیا کسی شخص پر جرم عائد کرنے کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں یا نہیں۔

مزیدخبریں