(24نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے3 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی ،انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے کیسز کی سماعت کی جبکہ بانی پی ٹی آئی کے جونیئر وکلاء کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی۔
دوران سماعت عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دیا او ر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے دلائل طلب کر لیے،سابق وزیراعظم کی وکلاء ٹیم نے کہا کہ سینئر وکیل بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیں مہلت دی جائے جس پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کر دی۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے سابق گورنر کے پی کے شاہ فرمان سمیت دیگر اڈیالہ جیل ملاقات کیلئے پہنچ گئے،ملاقات کیلئے سینیٹر سیف اللہ نیازی، عمر ایوب، شبلی فراز ،سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، روف حسن بھی اڈیالہ جیل پہنچ گے.
جیل ذرائع کے مطابق عدالتی احکامات کے ساتھ آنے والے رہنماؤں کو جیل میں بھیجا گیا ہے۔