پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کیساتھ یکجہتی کیلئے آواز بلند کرتا رہےگا،وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے آواز بلند کرتا رہے گا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد اے اے ربی نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وزیر اعظم نے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس کو دوبارہ منتخب ہونے پر نیک خواہشات اظہار کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا فلسطین کی برادر ریاست کے ساتھ تاریخی اور قریبی رشتہ ہے ،اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں تسلسل سے جاری حالیہ اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بہادر اور معصوم فلسطینیوں پر یہ اسرائیلی بربریت فی الفور بند ہونی چاہیے۔انہوں نے 17 ہزار بچوں سمیت 32 ہزار فلسطینیوں کی المناک اموات پرگہرے دکھ کا اظہاراور اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں سے 70 ہزار زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیر اعظم نے عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کی جانب سے کیس دائر کرنے اور اس فورم پر فلسطین کی حمایت میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے بیان کا حوالہ دیا۔
اقوام متحدہ کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے منظور کی گئی جنگ بندی کی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے اس قرار داد کو نظر انداز کرنے کے اسرائیلی رویہ پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قراداد کے باوجود اسرائیلی بربریت جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:9 مئی واقعات: بانی پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع
انہوں نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا۔پاکستان نے غزہ کے عوام کے لئے امدادی سامان کی 7 قسطیں ارسال کی ہیں جبکہ مزید ایک عید کے بعد بھیجی جائے گی۔فلسطینی سفیر نے وزیر اعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے فلسطین کے عوام کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اس سے فلسطینیوں کا حوصلہ بلند ہواہے۔
فلسطینی سفیر نے فلسطینی عوام کی حمایت پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔