بھارت،وقف ترمیمی بل کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں مسلمان سڑکوں پر نکل آئے

Apr 04, 2025 | 20:05:PM

(ویب ڈیسک) بھارت کی راجیہ سبھا نے بھی وقف ترمیمی بل جمعرات کے روز دیر  گئےرات کو  پاس کر دیا، لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں کی منظوری کے بعد اب یہ بل بھارتی صدر کے پاس جائے گا اور ان کی منظوری کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کرلے گا ۔ اس بل کے خلاف جمعہ کو بھارت کے مختلف شہروں میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے اس بل کی مخالفت میں احتجاج کیا ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وقف ترمیمی بل کے خلاف جمعہ کی نماز کے بعد مسلم کمیونٹی کے لوگ بڑی تعداد میں کولکتہ کی سڑکوں پر نکلے اور اس کی مخالفت کی ۔ اس دوران لوگوں نے حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ان کے ہاتھوں میں پوسٹر تھے جن پر لکھا تھا ہم وقف بل کو مسترد کرتے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری کے درمیان لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر نعرے لگائے۔دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے بھی وقف بل کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ احتجاج طلبہ تنظیموں AISA اور NSUI سے وابستہ طلبہ نے کیا۔ وقف ترمیمی بل کے خلاف کالج کیمپس کے اندر احتجاج ہوا، جس کے بعد کیمپس کے باہر پولیس اور آر اے ایف کو کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تعینات کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:مجھے گرفتار کیوں کیا ،تذلیل سے دلبرداشتہ ہو کر پارٹی کارکن نے خودکشی کرلی

مزیدخبریں