دنیا کو اس بات پر منایا ہے کہ ہم نے دریائے سندھ کو بچانا ہے:بلاول بھٹو

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ گڑھی خدا بخش میں جمع ہو کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں آپ کا شکر گزار ہوں کہ ہر سال کی طرح ہم گڑھی خدا بخش میں جمع ہو کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور کارکنان نے یہ علم بلند رکھا ہے، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے علم بردار ہیں اور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے 46 سال کے لیے یہ جدوجہد جاری رکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدرآصف زرداری نے ایک اور وعدہ گڑھی خدابخش کے ساتھ نبھایا ہے، صدر زرداری نے اس سے پہلے صدارتی ریفرنس کے ذریعے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف دلوایا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ صدر زرداری نے اپنی کامیابیوں سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وہ فیصلہ کہ پیپلزپارٹی کی قیادت صدر زرداری کو دی، اور وہ انہوں نے وہ ذمہ داری ادا کی۔ آصف زرداری بی آئی ایس پی کے ذریعے غربت کے خاتمے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک انقلابی فیصلہ کیا، وہ روایت چھوڑ کو اپنی بیٹی کو سیاسی جانشین بنایا، آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ کل بھی بھٹو زندہ تھا اور آج بھی بھٹو زندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کا پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ میں وہ کردار رہا ہے کہ جو اسلام کی تاریخ میں بی بی زینب کا کردار تھا، بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کا نام اور ان کا مشن جاری رکھا، مزید کہنا تھا کہ وہ بھٹو، بھٹو کر کے سب کو بھٹو بنا گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں پر اپنی سیاسی منزل طے کرتے ہیں، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جہدوجہد اور کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں، انہوں نے آئین، ایٹم بم کا تحفہ دیا، جمہوریت دی، مزدور کے حقوق دیے، کسانوں کے حقوق دیے، عوام کو ترقی دلوائی۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ صدرآصف زرداری نے 18ویں ترمیم کے ذریعے 73کے آئین کو بحال کیا، جو ہم نے حاصل کیا ہے میں اس پر بھی فخر کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں سے لوگ سندھ میں آکر اپنا علاج کرواتے ہیں، صوبہ سندھ صحت کے حوالے سے سب سے آگے ہے، مگر سب سے تاریخی پیپلز ہاؤسنگ منصوبہ ہے، پہلے قائد عوام نے لوگوں کو زمین کا مالک بنایا اور آج میں 20 لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر بھی دے رہا ہوں اور اپنی زمین کا مالک بھی بنا رہا ہوں۔بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ یہ قائد عوام کے بعد نہ صرف پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، بلکہ دنیا بھر میں گھر بنانے کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جو پاکستان پیپلز پارٹی کروا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سیاست کا مطلب خدمت سمجھا ہے، ہم نے سیاست کا مطلب نفرت پھیلانا، تقسیم اور لوگوں کو آپس میں لڑوانا نہیں سمجھا، انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس بات پر قائل کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے یہ جو ہمارا نقصان ہو رہا ہے، اس میں ہمارا نہیں آپ کا قصور ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ میں عالمی دنیا، وفاقی حکومت کا شکرگزار ہوں کہ اس منصوبے کی حد تک وہ ہمارا ساتھ دے رہے ہیں، اور کامیابی کے ساتھ یہ منصوبہ آگے بڑھ رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی جنگ جس میں پانی کی منصفانہ تقسیم کی جنگ پاکستان کا یہ جنگ تو میں عالمی سطح پر لڑ کر آیا ہوں، جب وزیر خارجہ تھا، تو دنیا کو اس بات پر منایا ہے کہ ہمارے دریائے سندھ کو بچانا ہے، ان کو کہا کہ آئیں پاکستان کا ساتھ دیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ایک زمانے میں ’مائٹی انڈس‘ (عظیم دریائے سندھ) کہا جاتا تھا، اس کو ہم نے بچانا ہے، میں دنیا کا شکر گزار ہوں کہ یہ ہماری بات مان چکے ہیں کہ ہمیں مالی طور پر انڈس بیسن کو فعال کرنے میں مدد کریں گے، اسی طرح وہ دریائے سندھ کو بچانے میں تکنیکی طور پر ساتھ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو یکطرفہ فیصلے بھارت کر رہا تھا، بھارت پانی پر ڈاکا مارتا آرہا ہے، میں بھارت کا مقابلہ کر کے آیا ہوں، جو ساحلی علاقوں کے حق ہیں، جو آپ کا کیس ہے، وہ تو ہم عالمی دنیا میں لڑتے آ رہے ہیں، مزید کہا کہ آئین میں ترامیم کروا کر آیا ہوں، ماحولیات کا موضوع ہمارے آئین میں موجود نہیں تھا، وہ ابھی پاکستان پیپلزپارٹی نے دلوایا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا مطالبہ رہا ہے کہ آئینی عدالت ہوگی اور اس میں تمام صوبوں کی برابری کی نمائندگی ہوگی، یہ پیپلزپارٹی کی کامیابی ہے کہ چاروں صوبوں کے برابری کی نمائندگی ہوگی۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم پر یہ فرض بھی ہے کہ ہم آج کے مسائل کا مقابلہ کریں، حقائق یہ ہیں کہ پاکستان تاریخی مسئلے سے گزر رہا ہے، ہم مثبت سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور اس سے ہی ہم نے اپنے عوام کی نمائندگی کرنی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پاکستان ہر طرف سے مسائل کا شکار ہے، معاشی بحران ہے، دہشتگردی عروج پر ہے، بین الاقوامی سطح پر سازشیں جاری ہیں کہ کس طریقے سے پاکستان کو نقصان ہو، اندرونی سیاست اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ پورے معاشرے کو نقصان ہو رہا ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست ہماری آنے والی نسل کو نقصان پہنچا رہی ہے۔کیا ہم نے بھی یہی نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنی ہے، کیا ہم نے امید اور یکجہتی کی سیاست کرنی ہے، ہم مثبت سیاست کریں گے۔
پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھائی ہے، شہید بے نظیر بھٹو دہشتگردی کے خلاف سب سے بڑی آواز تھیں، کیا ہم بھول چکے ہیں کہ ہم نے سب سے بڑی قربانی دی ہے، کیا ہم اس بات سے انکار کرسکتے ہیں کہ بین الاقوامی سازشوں اور ہمارے اپنے ملک کی غلطیوں کی وجہ سے دہشتگردی کی دوسری لہر بلوچستان سے لے کر خیبرپختونخوا تک عروج پر ہے۔