ایک امید۔۔اولمپکس گیمز میں پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم نے جیولن تھرو مقابلے میں فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا

Aug 04, 2021 | 09:22:AM

(مانیٹرنگ ڈیسک)جاپان کے شہر ٹوکیو  میں جاری اولمپکس گیمز کے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے مقابلے میں فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  واپڈا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم دوسرے راونڈ میں 85.16 میٹر کے فاصلے تک جیولین پھینکنے میں کامیاب ہوگئے اور وہ جیولین تھرو کے گروپ بی میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل راونڈ تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں، جیولین تھرو کا فائنل راونڈ 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔ ارشد ندیم کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر  میاں چنوں سے ہے اور وہ اولمپکس کی تاریخ میں پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں جنھوں نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اولمپکس کے لئے براہ راست کوالیفائی کیا۔ بی بی سی کے مطابق ارشد ندیم نے2019 میں نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز میں86 اعشاریہ29 میٹرز دور نیزہ پھینک کر نہ صرف ساؤتھ ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا بلکہ اس کارکردگی کے بل پر وہ براہ راست ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے تھے۔میاں چنوں کے گاؤں چک نمبر 101-15 ایل کے رہنے والے ارشد ندیم کے والد راج مستری ہیں لیکن انھوں نے اپنے بیٹے کی ہر قدم پر حوصلہ افزائی کی۔ ارشد ندیم کے کیریئر میں دو کوچز جن میں ڈسٹرکٹ خانیوال ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدررشید احمد ساقی اور فیاض حسین بخاری کا اہم کردار رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوروناسے46افراد جاں بحق،4722 نئے کیسز رپورٹ

مزیدخبریں