(24 نیوز) وزیرِ اعظم آزاد کشمیرکے لئےپی ٹی آئی نے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا، عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے امیدوار نامزد کر لیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اپنا مشترکہ امیدوار میدان میں لے آئے ہیں۔
سردار عبدالقیوم نیازی آزاد جموں کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 پونچھ سے کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کا تعلق ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور سے ہے۔ عبدالقیوم نیازی اس سے پہلے وزیر خوراک رہ چکے ہیں وہ 2006 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہوئے۔ سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے ۔ وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے مشترکہ طور پر چودھری اکبر کو آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے۔اس حوالے سے چودھری اکبر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے مشترکہ طور پر مجھے وزیرِ اعظم کا امیدوار نامزد کیا ہے، پی ٹی آئی کے صدر کو کوئی پوچھتا بھی نہیں، وہاں کھچڑی پکی ہوئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں ارکان سے کہتا ہوں کہ آزادی کشمیر کو قریب تر کرنے کیلئے ہمیں ووٹ دیں، پہلے بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران یہاں تاریخی کام کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مچلکے جمع ۔۔نذیر چوہان کی ضمانت منظور